پشین (سپورٹس نیوز) بلوچستان کے ضلع پشین سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی تن ساز سید بلال آغا نے بھوٹان میں منعقدہ ساوتھ ایشیا باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔سید بلال آغا نے فائنل مقابلے میں بہترین جسمانی ساخت، فٹنس اور پرفارمنس کی بدولت حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چیمپئن شپ کا اعزاز حاصل کیا۔ یہ ان کے کیریئر کا چوتھا بین الاقوامی گولڈ میڈل ہے جو پاکستانی باڈی بلڈنگ کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔کامیابی کے بعد ایوارڈ تقریب میں پاکستان کا قومی پرچم بلند کیا گیا اور قومی ترانہ بجایا گیا، جس سے تقریب میں موجود شرکا نے پاکستان کی اس کامیابی کو بھرپور انداز میں سراہا۔




