بنگلا دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے آسٹریلوی ٹیم کا اعلان

سڈنی(سپورٹس نیوز) آسٹریلیا نے اگست میں بنگلادیش کے خلاف ڈارون اور میکے میں ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے 13 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔کپتان پیٹ کمنز، فاسٹ بالر جوش ہیزل ووڈ اور لیجنڈری سپنر نیتھن لیون انجری سے صحتیاب ہونے کے بعد ٹیم میں واپس آ گئے ہیں، تینوں کھلاڑی سڈنی میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ سے باہر تھے جبکہ مائیکل نیسر، ٹوڈ مرفی اور برینڈن ڈوگٹ کو سٹینڈ بائی پر رکھا گیا ہے۔یہ سیریز آسٹریلیا کے مصروف ٹیسٹ شیڈول کا آغاز ہوگی جہاں ٹیم آئندہ 11 ماہ میں کم از کم 20 ٹیسٹ میچز کھیلے گی جبکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کی صورت میں ایک اضافی میچ بھی شامل ہو سکتا ہے۔قومی سلیکٹر جارج بیلی نے کہا کہ کمنز، ہیزل ووڈ اور لیون نے فٹنس بحال کرنے کیلئے بھرپور محنت کی ہے اور ٹیم ان کی واپسی پر خوش ہے، آئندہ مصروف شیڈول کے باعث مختلف کھلاڑیوں کو مواقع ملنے کا امکان بھی موجود ہے۔عثمان خواجہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد بیٹنگ لائن میں تبدیلی متوقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں