واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قدر میں نمایاں کمی کا رجحان جاری ہے، جس کے نتیجے میں اس کی قیمت گزشتہ دو سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔بٹ کوائن کی قیمت میں 5.10فیصد کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد یہ 55 ہزار 830 ڈالر پر آ گیا ہے، جو ستمبر 2024 کے بعد اس کی کم ترین سطح ہے۔ اس سے قبل بھی کاروباری سیشن کے دوران بٹ کوائن میں 3.57 فیصد کمی دیکھی گئی تھی اور یہ 56 ہزار 813 ڈالر پر ٹریڈ ہو رہا تھا۔ مالیاتی ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں کمپنیوں کی جانب سے بھاری سرمایہ کاری اور اس سے حاصل ہونے والے ممکنہ منافع سے متعلق خدشات نے عالمی سرمایہ کاروں کو محتاط کر دیا ہے۔ اس صورتحال کا براہِ راست اثر کرپٹو کرنسی سمیت دیگر پرخطر اثاثوں (Risky Assets) پر پڑ رہا ہے۔ اس کے علاوہ قرضوں کی بڑھتی ہوئی لاگت اور سخت ضابطہ جاتی (ریگولیٹری) خدشات بھی کرپٹو مارکیٹ پر دبا بڑھا رہے ہیں، جبکہ امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد بھی اس شعبے کے مستقبل سے متعلق بے یقینی میں اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب عالمی منڈیوں میں مندی کے اثرات امریکی اسٹاک مارکیٹ پر بھی نمایاں ہیں، جہاں اہم اشاریے اپریل 2025 کے بعد اپنی بدترین ہفتہ وار گراوٹ کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ یاد رہے کہ اپریل 2025 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے درآمدی محصولات (ٹیرف) کے اعلان کے بعد بھی عالمی مالیاتی منڈیوں میں شدید اتار چڑھائو دیکھنے میں آیا تھا۔




