لاہور (سپورٹس نیوز) وفاقی حکومت نے اسپورٹس ڈپلومیسی کے تحت اہم فیصلہ کرتے ہوئے بھارتی والی بال ٹیم کو پاکستان آمد کے لیے این او سی جاری کردیا جس کے بعد بھارت کی سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ میں شرکت کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بھارتی ٹیم کے لیے این او سی جاری کر دیا ہے اور بھارت کو بھی باضابطہ طور پر اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارتی ٹیم شیڈول کے مطابق پاکستان آکر ایونٹ میں شرکت کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کاوا مینز والی بال چیمپئن شپ 22 سے 29 جولائی تک اسلام آباد میں منعقد ہوگی جس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔




