نئی دہلی (سپورٹس نیوز)بھارت کے سابق کپتان اجنکیا رہانے نے انٹرنیشنل کرکٹ سمیت ہر قسم کی کرکٹ سے فوری طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، جس کے ساتھ ہی ان کے 2 دہائیوں پر محیط شاندار کرکٹ کیریئر کا اختتام ہو گیا۔38 سالہ رہانے نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر جاری ایک جذباتی ویڈیو میں اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔اپنے الوداعی پیغام میں رہانے نے کہا کہ میں نے ہمیشہ بیٹنگ میں ٹائمنگ پر بھروسہ کیا، اور آج مجھے لگتا ہے کہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کا یہی صحیح وقت ہے، میرا خواب ہمیشہ بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرنا تھا اور میں نے ہر لمحہ اپنے ملک اور ٹیم کو خود پر ترجیح دی’۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ بطور بھارتی کرکٹر ان کا سفر ختم ہو گیا ہے، لیکن وہ مستقبل میں نئی نسل کی رہنمائی کرتے ہوئے کرکٹ سے اپنا تعلق برقرار رکھیں گے۔




