بھارت سے2840سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے

لاہور (بیوروچیف)327ویں عالمی وساکھی میلے کی تقریبات میں شرکت کے لئے بھارت سے 2840سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے جہاں صوبائی وزیر اقلیتی امور و پردھان گوردوارہ پربندھک کمیٹی رمیش سنگھ اروڑہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔صوبائی وزیر نے یاتریوں کے ہمراہ لنگر میں شرکت بھی کی۔واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ ہم بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کو گرو نانک کی دھرتی پر جی آیاں نوں کہتے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہدایات پر یاتریوں کیلئے بہترین استقبال، لنگر اور سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔انہوں نے وزارت مذہبی امور، سیکرٹری عثمان علی خان اور ایڈیشنل سیکرٹری ناصر مشتاق کی کاوشوں کو بھی سراہا اور میڈیا کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور کشیدہ علاقائی صورتحال کے باوجود ہزاروں ویزوں کا اجرا ہماری امن دوستی کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سکھ برادری کیلئے دوسرا نہیں بلکہ پہلا گھر ہے کیونکہ سکھ مت کا آغاز اسی سرزمین سے ہوا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور دنیا بھر میں بسنے والے سکھ اپنی اس دھرتی سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔صوبائی وزیر نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ کرتارپور کوریڈور کو مکمل طور پر کھولا جائے تاکہ مذہبی ہم آہنگی اور محبتوں کا یہ سفر جاری رہے۔ اس موقع پر جتھہ لیڈر سردار ہرجیت سنگھ پیا نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے ،دنیا بھر کا سکھ یہاں آنا چاہتا ہے، پاکستان میں بہت عزت اور احترام ملتا ہے۔ سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے سکھ یاتریوں کیلئے لنگر، ٹرانسپورٹ، طبی سہولیات اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ان کی حفاظت کے لئے پنجاب پولیس اور رینجرز کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں کو بسوں کے تین مختلف قافلوں کی صورت میں گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب روانہ کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ریاستوں امرتسر، ہریانہ اور دہلی سے آنے والے یہ یاتری 10روز تک پاکستان میں قیام کریں گے اور ننکانہ صاحب، پنجہ صاحب سمیت دیگر مقدس مقامات کی زیارت کریں گے ۔ یاد رہے کہ وساکھی میلہ کی مرکزی تقریب14اپریل کو گورو دوارہ پنجہ صاحب میں ہو گی ۔اس موقع پر گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے دیگر ممبران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں