فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر) سول سوسائٹی کے زیرِ اہتمام بھارت کی ریاست بہار میں پیش آنے والے واقعے کے خلاف ضلع کونسل چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ وزیراعلی بہار نتیش کمار اور مودی سرکار کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی۔مظاہرین نے احتجاج کے دوران نتیش کمار اور مودی سرکار کے خلاف شدید نعرے لگائے جن میں کہا گیا کہ نتیش کمار مردہ باد، مودی سرکار مردہ باد، نقاب پر حملہ نامنظور، مسلم خواتین کی تذلیل نامنظور اور ہندوتوا دہشتگردی نامنظور۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس واقعے نے بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف جاری منظم تعصب اور جبر کو بے نقاب کر دیا ہے۔احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حفضہ اصغر نے کہا کہ بہار میں مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچنا ہندوتوا دہشتگردی کی بدترین مثال ہے اور یہ مسلم خواتین کی عزت، وقار اور مذہبی آزادی پر منظم حملہ ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا مسلم خواتین کی عزت و حرمت انسانی حقوق میں شامل نہیں؟مقررین نے کہا کہ مودی سرکار کی سرپرستی میں بھارت کا فاشسٹ چہرہ پوری دنیا کے سامنے آ چکا ہے اور بھارت کو دانستہ طور پر ایک جنونی ریاست میں بدلا جا رہا ہے۔ ام وردہ نے کہا کہ گائے کے ذبیحہ سے لے کر نقاب پر حملے تک ہندوتوا ایجنڈا کھل کر سامنے آ چکا ہے جبکہ مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر عالمی اداروں کی خاموشی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔شرکاء نے مطالبہ کیا کہ بھارت میں اقلیتوں پر ہونے والی ریاستی دہشتگردی کا عالمی سطح پر فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔




