بیٹی نے نوجوان نسل کو سمجھنے میں مدد دی’ نواز الدین صدیقی

ممبئی (شوبز نیوز) بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار نوازالدین صدیقی نے حال ہی میں نئی نسل کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی 16 سالہ بیٹی شوری صدیقی نے انہیں نوجوان نسل کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے رابطے اور معلومات تک آسان رسائی کے باعث جنریشن زی پہلے سے زیادہ ذہین ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کی بیٹی اداکاری کے معاملے میں بھی ان سے زیادہ جانتی ہے۔ اس جنریشن کو دنیا کے بارے میں وہ معلومات حاصل ہیں جو ہمیں میسر نہیں تھیں۔ ایک بھارتی میڈیا ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے 52 سالہ نوازالدین صدیقی نے کہا کہ نئی نسل کو دنیا بھر کے سنیما تک رسائی حاصل ہے، جس نے انہیں زیادہ باشعور اور پراعتماد بنا دیا ہے۔ میرا خیال ہے کہ آج کی جنریشن زی خصوصا 15سے 18 سال کے بچے بہت ذہین ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ انہیں دنیا کے بارے میں وہ معلومات اور تجربات حاصل ہیں جو ہمیں کبھی میسر نہیں تھے۔ ہم اپنے والدین سے سوال نہیں کرتے تھے اور ان سے بات کرتے ہوئے ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے کی بھی ہمت نہیں کرتے تھے، لیکن آج کے نوجوان براہ راست ہم سے سوال کرتے ہیں۔ ایک اور بات یہ ہے کہ انہوں نے دنیا بھر کا سنیما دیکھا ہوا ہے۔ آج ممکن ہے کہ کسی نوجوان نے ایسی فلم بھی دیکھی ہو جو آپ نے شاید کبھی نہ دیکھی ہو۔بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ پہلے وہ بھی نئی نسل کی صلاحیتوں کو کم سمجھتے تھے، لیکن شوری کی فلموں اور اداکاری سے متعلق معلومات دیکھ کر ان کی رائے بدل گئی۔ وہ اداکارہ بننے کی خواہش رکھتی ہیں اور اداکاری سیکھنے کے ساتھ فنون لطیفہ کے دیگر شعبوں میں بھی دلچسپی لے رہی ہیں۔ انھوں نے انکشاف کیا کہ ان کی بیٹی نے تین سے چار سال میں دنیا بھر کی ان سے زیادہ فلمیں دیکھ لی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں