تعلیمی بورڈ کا ای مارکنگ سسٹم متعارف کرانیکا فیصلہ

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے آن اسکرین مارکنگ (ای مارکنگ) سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ اس حوالے سے چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین کی زیر صدارت الحاق شدہ کالجز کے پرنسپلز کا اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں آئندہ ایچ ایس ایس سی سیکنڈ اینول امتحان 2026 میں کمپیوٹر سائنس کے پرچے کی آن اسکرین مارکنگ کے نفاذ، طریقہ کار اور تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔بورڈ حکام کے مطابق ڈیجیٹل مارکنگ سسٹم کے ذریعے امتحانی پرچوں کی جانچ پڑتال میں شفافیت اور درستگی کو یقینی بنانے، انسانی غلطیوں میں کمی، پرچوں کی بروقت مارکنگ اور نتائج کی تیاری کے عمل کو مزید تیز کرنے میں مدد ملے گی۔نئے نظام کے نفاذ سے قبل کالجز کے متعلقہ ایگزامینرز کے لیے جامع تربیتی ورکشاپ اور ماک سیشن کا انعقاد بھی کیا جائے گا تاکہ اساتذہ کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر مارکنگ کے طریقہ کار سے مکمل طور پر آگاہ کیا جا سکے۔بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے مطابق آن اسکرین مارکنگ کا اقدام امتحانی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن کی جانب اہم پیش رفت ہے، جس کا مقصد طلبہ کے لیے شفاف، موثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تشخیصی نظام کو یقینی بنانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں