اسلام آباد (این این آئی)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف دعویٰ کرتی رہی کہ وہ اپنے دورِ حکومت میں تعلیم پر سب سے زیادہ بجٹ خرچ کرتی ہے لیکن سکولوں کی سامنے آنے والی ویڈیوز ان دعوں کی قلعی کھولنے کے لئے کافی ہیں۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے ایکس پر مالاکنڈ کے ایک سرکاری سکول کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سوال یہ ہے کہ اگر تعلیم پر اتنا بجٹ خرچ کیا گیا تو پھر سرکاری سکولوں کی یہ حالت کیوں ہے؟ 13 سالہ اقتدار کے بعد بھی اگر بچوں کو بنیادی تعلیمی سہولیات میسر نہیں تو یہ محض بدانتظامی نہیں بلکہ صوبے کے مستقبل کے ساتھ ناانصافی ہے، تعلیم کے نام پر دعوے نہیں، عملی کارکردگی دکھانا ضروری ہے۔




