مظفر آباد /اسلام آباد / فیصل آباد (نامہ نگار / بیوروچیف /سٹاف رپورٹر) مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے جبری قبضے کے خلاف لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج یومِ سیاہ منا رہے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار’ ریلیوں اور سیمینارز کا انعقاد’ فیصل آباد میں بھی کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ ڈویژنل اور ضلعی سطح پر ریلیاں نکالی گئیں۔ یاد رہے کہ اکتوبر 1947 کے آخری ایام اور نومبر کے پہلے عشرے کے دوران ڈوگرہ فورسز اور ہندو بلوائیوں نے بھارتی تسلط کے خلاف آزادی کی جدوجہد کرنے والے لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کو بے دردی سے شہید کیا تھا۔مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں جبر و استبداد ظلم و بربریت اور ریاستی دہشتگردی کے 79 سال مکمل ہو گئے، بھارتی فورسز نے 1947 میں آج ہی کے دن جموں و کشمیر پر حملہ کرکے کشمیریوں کی مرضی کے خلاف اس پر قبضہ کیا اور بے گناہ کشمیری شہید کئے گے، بھارت آج بھی جارحانہ اور غاصبانہ طرز عمل پر کار بند ہے۔07 دہائیوں سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود بھارت نے کشمیریوں کا بنیادی حق سلب کر رکھا ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کا علاقہ مکمل فوجی چھانی میں تبدیل ہے جہاں بھارت نے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت نے پانچ لاکھ سے زائد کشمیریوں کو بے دردی سے شہید کیا، صرف 90 کی دائی سے لے کر اب تک 97 ہزار سے زائد کشمیری شہید کئے گئے ہیں، حریت قیادت سمیت 04 ہزار سے زائد کشمیری آج بھی بھارت کی جیلوں میں قید ہیں۔دریں ثناء ۔اسلام آباد(بیوروچیف)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم سیاہ کشمیر پر کشمیریعوام سے یکجہتی کا اظہار کیا، کشمیری مرد و خواتین اور بچوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا عالمی برادری جموں و کشمیر تنازع کے حل کیلئے کردار ادا کرے، یہ دن کشمیریوں کی جدوجہد کے حوالے سے ہماری بھرپور تائید کا اعادہ ہے، کشمیری تنازعات، پابندیوں اور بنیادی حقوق سے محرومی کا سامنا کر رہے ہیں، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا 27 اکتوبر جموں و کشمیر کی تاریخ کے المناک باب کی یاد دلاتا ہے، 79 برس گزرنے کے باوجود کشمیری عوام حق خودارادیت سے محروم ہیں۔محمد شہبازشریف نے کہا کہ کشمیری عوام کی جرات اور ثابت قدمی ان کی جدوجہد کا روشن ثبوت ہے، مسئلہ کشمیر کا حل سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہئے، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔دریں ثناء ۔ لاہور (بیوروچیف) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم سیاہ پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے شہدا کیلئے خراج عقیدت اور عوام کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 اکتوبر کو مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کا اقدام تاریخ عالم کا سیاہ باب ہے، 27 اکتوبر کے سیاہ باب کی سیاہی بھارتی قیادت کے چہرے پر نمودار ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ اقوام عالم کا مسئلہ بن چکا ہے، پاکستان ہمیشہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت کی پالیسی پر عمل پیرا رہے گا۔ مریم نواز نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، کوئی جدا نہیں کر سکتا، کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کا خون ضرور رنگ لائے گا، مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی روشن صبح ضرور طلوع ہوگی، پاکستان عالمی دنیا کے سامنے کشمیر کا مقدمہ بھرپور طریقہ سے پیش کرتا رہے گا۔




