لاہور (شوبز نیوز) شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ایڈونچر کے شوقین افراد کے لیے ویڈیو پیغام شیئر کردیا ہے۔فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے بھانجے شیراز ناصر کا ذکر کیا جو پیرا گلائیڈنگ حادثے میں انتقال کرگیا، انہوں نے خود کو خطرے میں ڈالنے کے اسٹنٹ کے مقصد پر بھی سوال اٹھایا۔اداکارہ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگیوں کے حوالے سے زیادہ محتاط رہیں۔ انہوں نے لوگوں کو صرف تفریح کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔ بشریٰ انصاری نے کہا کہ موت بے شک اللہ کے ہاتھ میں ہے وہ اپنے مقررہ وقت پر بستر پر بھی آسکتی ہے لیکن اس طرح خود کو مشکل پوزیشنز میں ڈالنے کی ضرورت ہی کیا ہے، آپ کی جان قیمتی ہے لہذا زیادہ خطرات نہ مول لیں۔انہوں نے اپنی مرحومہ بڑی بہن سنبل شاہد کا بھی ذکر کیا جو اپنے بیٹے کے کھونے سے سنبھل نہیں سکی اور کچھ دنوں بعد انتقال کر گئیں۔سینئر اداکارہ نے اپنے پیغام میں زندگی کی قدر کرنے اور ذمہ دارانہ انتخاب کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے لوگوں کو اس طرح کی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے پہلے اچھی طرح سوچنے کی ترغیب دی۔




