اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان کی توانائی خودکفالت کے سفر میں ایک اور اہم قدم، چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ 5پر تیزی سے کام جاری ہے، جس کی تکمیل سے قومی گرڈ کو 1200میگاواٹ ماحول دوست اور سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔ اس منصوبے کے ذریعے ملک میں جوہری توانائی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 8ہزار میگاواٹ تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔چشمہ 5پاور پلانٹ میانوالی سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور یہ چین کے تعاون سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یہ جدید ترین تیسری نسل کا پریشرائزڈ واٹر ری ایکٹر ہے، جو ہالنگ ون ماڈل پر مبنی ہے اور بین الاقوامی معیار اور حفاظتی تقاضوں پر مکمل طور پر پورا اترتا ہے۔منصوبے پر کام کرنے والے سینئر انجینئر حبیب الرحمن کا کہنا ہے کہ نیوکلیئر توانائی پاکستان کی توانائی ضروریات کو پورا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی، اور 8ہزار میگاواٹ پیداواری ہدف ملک کی معاشی و صنعتی ترقی کی بنیاد بنے گا۔ڈاکٹر راشد محمود کے مطابق چشمہ فائیو جیسے منصوبے نہ صرف توانائی بحران پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ مقامی سطح پر روزگار اور تکنیکی مہارت کے نئے مواقع بھی پیدا کریں گے۔حکام کا کہنا ہے کہ نیوکلیئر انرجی کو ترقی کا ایک مضبوط ستون بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، اور پاکستان عالمی معیار کی جوہری ٹیکنالوجی کو اپنا کر ایک پائیدار، سستی اور ماحول دوست توانائی مستقبل کی جانب گامزن ہے۔




