تکنیکی مہارتوں میں اضافہ اولین ترجیح ہے، احسن اقبال

اسلام آباد (بیورو چیف)وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی تقدیر نوجوانوں کے ہاتھ میں ،تکنیکی مہارتوں میں اضافہ اولین ترجیح ہے، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، بگ ڈیٹا اور گرین ٹیکنالوجی نے دنیا کی سمت بدل دی ،نئی مہارتوں کی غیر معمولی مانگ پیدا ہو چکی ہے۔جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے جمعہ کونیوٹیک اور ہازہ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے درمیان طے پانے والے اہم معاہدے کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں نوجوانوں کی اہمیت، تکنیکی مہارتوں کی ضرورت اور ملکی ترقی میں سی پیک اور اڑان پاکستان پروگرام کے کردار پر روشنی ڈالی۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی تقدیر نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی دو تہائی آبادی 30سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے جو ملک کو دنیا کی سب سے بڑی نوجوان ورک فورس والے ممالک میں شامل کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روایتی ملازمتوں کا دائرہ محدود ہو رہا ہے اور مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، بگ ڈیٹا اور گرین ٹیکنالوجی نے دنیا کی سمت بدل دی ہے جس کے باعث نئی مہارتوں کی غیر معمولی مانگ پیدا ہو چکی ہے۔وفاقی وزیر نے زور دیا کہ یہ معاہدہ ‘اڑان پاکستان پروگرام’ اور ‘سی پیک وژن’ کی مشترکہ عکاسی ہے جو ملک کو صنعتی ترقی اور خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعتی تعاون، بزنس ٹو بزنس روابط اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔ اگلے چند برسوں میں سی پیک کے تحت ہزاروں نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ اس ضمن میں اڑان پاکستان پروگرام حکومت کے فائیو ایزمعاشی تبدیلی منصوبے کا کلیدی ستون ہے جس کے تحت نوجوانوں کی تکنیکی مہارتوں میں اضافہ اولین ترجیح ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ حکومت چینی ماڈل کی طرز پر ووکیشنل ایکسی لینس سینٹرز قائم کرے گی تاکہ جدید صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ افرادی قوت تیار کی جا سکے۔ ۔ انہوں نے کہا کہ اڑان پاکستان کو رہنمائی چین کے کامیاب ووکیشنل ماڈل سے حاصل ہوگی جو نوجوانوں کے لیے عملی مہارتوں اور ملازمت کے مواقع فراہم کرے گا۔یہ معاہدہ پاکستان میں نوجوانوں کی ترقی، صنعتی بہتری اور عالمی ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگی کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں