فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تیز رفتار ٹریکٹر کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جاں بحق جبکہ اسکے دو ساتھی بری طرح زخمی ہو گئے’ ریسکیو1122 نے نعش پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چک جھمرہ کے رہائشی 40سالہ سرفراز اپنے عزیزوں 22 سالہ مبشر اور 40سالہ امتیاز کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہے تھے کہ جب وہ مین روڈ 156 رب کے قریب پہنچے تو عقب سے آنیوالے تیز رفتار ٹریکٹر سے ٹکرانے سے بری طرح زخمی ہو کر گر پڑے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو 40سالہ سرفراز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا۔ تاہم نعش پولیس کے حوالے کر کے دیگر زخمیوں مبشر اور امتیاز کو تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال پہنچا دیا۔ تاہم پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر کے حادثہ کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔




