فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایس ایچ او تھانہ کھرڑیانوالہ عاطف شہزاد نے جائیداد کی خاطر ماں کے ہمراہ بھائی کو قتل کرنے والے نوجوان کو گرفتار کر کے بازپرس شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق 229 رب کی رہائشی نازیہ بی بی نے بتایا کہ اسکی شادی اکبر علی سے ہوئی، اس کا خاوند ریڑھی لگاتا ہے اور گھر میں بھینس رکھی ہوئی ہے جبکہ اس کے دیور اصغر علی نے گھر میں کریانہ کی دکان بنا رکھی ہے۔ ملزم اصغر علی نے کہا کہ بھینس گھر میں گند ڈالتی ہے، اس کو لیکر کرایہ کے مکان میں چلے جائو تو اس کے شوہر اکبر علی نے کہا کہ مکان میں میرا جو حصہ بنتا ہے اسے دو پھر چلے جاتے ہیں، جس پر گھر میں اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا اور 5مئی 2028ء کو شام کو اس کا بہنوئی نواز وغیرہ گھر آئے تو ارشاد بی بی زوجہ احمد علی نے کہا کہ ابھی جائیداد سے حصہ دیتے ہیں وہ بیٹے اصغر علی کو دکان سے بلا کر لائی اور کہا کہ ان کو اکبر علی کو حصہ مانگنے کا مزہ چکھا دو، ملزم اصغر علی نے والدہ کے کہنے پر اکبر علی پر ٹوکہ کا وار کر کے بری طرح زخمی کر دیا، جہاں پر علاج معالجہ کے دوران 9مئی کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔ تاہم ایس ایچ او عاطف شہزاد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر قاتل اصغر علی کو گرفتار کر کے شامل تفتیش کر لیا۔




