کراچی /فیصل آباد (شوبز نیوز) پاکستان میں موسیقی کے سب سے بڑے مقابلے پاکستان آئیڈل 2026کا شاندار اختتام ہوگیا، جہاں فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی حرا قیصر نے فاتح بن کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔پاکستان آئیڈل کی اختتامی تقریب میں فاتح کا اعلان کیا گیا، جہاں ججوں کے متفقہ فیصلے کے بعد حرا قیصر کو پاکستان آئیڈل 2026 کا فاتح قرار دیا گیا۔سپر فائنل میں کامیابی کے لیے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، جبکہ عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم نے خصوصی پرفارمنس پیش کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ سپر فائنل کی خصوصی اسکریننگ کراچی اور فیصل آباد کے سینما گھروں میں بھی کی گئی۔پاکستان آئیڈل 2026 کی فاتح حرا قیصر نے اپنی کامیابی کے سفر کے حوالے سے بتایا کہ ابتدا میں ان کے گھر والے گائیکی کے خلاف تھے کیونکہ ان کے خاندان میں لڑکیوں کو باہر جاکر گانے کی اجازت نہیں تھی۔حرا قیصر کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی اور شوہر نے انہیں بھرپور سپورٹ کیا جس کی وجہ سے وہ آج اس مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ انہوں نے اپنی کامیابی کو اہلِ خانہ کی حمایت اور حوصلہ افزائی کا نتیجہ قرار دیا۔




