لاہور (سپورٹس نیوز) بنگلادیش نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز برابر کرنے کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں نمایاں بہتری حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا۔آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کرنے کے بعد بنگلادیش تین درجے اوپر آ گیا اور تاریخ کی بہترین چھٹی پوزیشن حاصل کرلی موجودہ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا پہلے، جنوبی افریقا دوسرے اور نیوزی لینڈ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ بھارت چوتھے، انگلینڈ پانچویں، بنگلادیش چھٹے، سری لنکا ساتویں اور پاکستان آٹھویں پوزیشن پر ہے۔بنگلادیش نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کا آغاز یادگار انداز میں کیا تھا اور پہلے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر آسٹریلوی سرزمین پر اپنی پہلی ٹیسٹ فتح حاصل کی۔تاہم آسٹریلیا نے دوسرے ٹیسٹ میں بھرپور واپسی کرتے ہوئے بنگلادیش کو ایک اننگز اور 51 رنز سے شکست دے دی، جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔دوسری جانب پاکستان کو 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان انگلینڈ کے ہاتھوں بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد قومی ٹیم رینکنگ میں مزید تنزلی کا شکار ہوگئی۔




