جشن عید میلاد النبیۖ مذہبی جوش و جذبہ سے منایا گیا

لاہور /اسلام آباد (بیوروچیف) ملک بھر میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ملک بھر کی فضائوں میں درود و سلام کی صدائیں، مساجد، عمارتیں، گلیاں، محلے، چوک، چوراہے خوبصورتی سے سجائے گئے اور آقائے دو جہاں سے محبت و عقیدت کا اظہار کیا گیا۔عید میلادالنبی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم پر دن کا آغاز نماز فجر کے بعد لاہور اور پشاور میں 21-21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔کراچی میں گلی گلی، قریہ قریہ برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ، جگہ جگہ اسٹالز پر کہیں موئے مبارک کا دیدار کیا گیا تو کہیں مسجد نبوی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم اور خانہ کعبہ کے ماڈلز رکھے گئے، شہر کے مختلف علاقوں میں عاشقان رسول کی جانب سے محفل میلاد کا انعقاد اور ریلیاں نکالی گئیں۔لاہور میں بھی عید میلاد النبی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں مساجد، گھروں، سڑکوں، سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا، عید میلادالنبی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کی تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔پشاور میں رحمت اللعالمین صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کیلئے نعت خوانی اور میلاد مصطفیصلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کی محافل کا انعقاد کیا گیا۔کوئٹہ میں بھی جگہ جگہ چراغان کیا گیا، محافل نعت اور میلادالنبی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کے جلوس کا بھی اہتمام کیا گیا ۔اسلام آباد کو بھی دلہن کی طرح سجایا گیا، چپہ چپہ سرور کائنات کی آمد کی خوشی میں جگمگا اٹھا، ہر جگہ جشن آمد رسول کے نعرے گونجتے رہے۔ مسجدوں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا۔دریں ثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں آقا کریم’ سرور کائناتۖ کی ولادت باسعادت کا جشن مذہبی عقیدت واحترام اور شایان شان طریقہ سے منایا گیا۔ مرکزی جلوس سنی رضوی جامع مسجد جھنگ بازارسے پیر فیض رسول کی قیادت میں نکالا گیا۔ جس میں عاشقان رسولۖ نے بھرپور انداز میں درود وسلام کے نذرانے اور نعت شریف پڑھتے ہوئے شمولیت کی اور اس جلوس میں شہر کے دیگر علاقوں میں آنے والے جلوس بھی درود وسلام کے نذرانے پیش کرتے ہوئے شامل ہوتے رہے اور شہر کی فضا درود وسلام کی صدائوں سے گونج اٹھی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔جلوسوں اور محافل کی سکیورٹی کیلئے 3ہزار سے زائد پولیس افسران وجوانوں نے اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں۔ جبکہ مرکزی جلوس اور دیگر جلوسوں کی نگرانی سی سی ٹی وی سیف سٹی کیمروں سے کی گئی۔ ریسکیو ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی 12ربیع الاول کو الرٹ رہے۔ شہر بھر سے مختلف مقامات سے 143 جلوس نکالے گئے اور 20 مقامات پر محفل میلاد مصطفیۖ منعقد کی گئی۔ شہر بھر میں جگہ جگہ آقا دوجہاں کی آمد کے سلسلہ میں جلوس اور محافل کا انعقاد کیا گیا۔ عاشقان سولۖ جگہ جگہ لنگر تقسیم کرتے رہے جبکہ بچوں نے ”پہاڑیاں” بنا کر حضور نبی کریمۖ کے ساتھ اپنا والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ شہر کے گلی’ محلوں’ بازاروں اور گھروں میں عاشقان مصطفیۖ نے چراغاں کیا اور لوگوں کی بڑی تعداد گلی’ محلوں میں سجی ہوئی گلیوں کو دیکھنے کیلئے آئی اور رات گئے تک گلی’ بازاروں میں رش لگا رہا۔دریں ثناء ۔فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122فیصل آباد انجینئر احتشام واہلہ کی ہدایات پر جشن عید میلاد النبی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر ریسکیو 1122فیصل آباد کا عملہ ہائی الرٹ رہا اور ضلع بھر میں خصوصی ایمرجنسی ڈیوٹی سرانجام دیتا رہا’ جشن عید میلاد النبی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں ضلع بھر میں مختلف مقامات پر منعقد ہونے والے اجتماعات اور جلوسوں کے پیش نظر ریسکیو 1122 کی جانب سے جامع ایمرجنسی پلان تشکیل دیا گیا۔ جلوسوں کے روٹس، اہم مقامات اور شہر کے مختلف حساس مقامات پر ریسکیو ٹیمیں اور ایمرجنسی وہیکلز تعینات کیے گئے تھے۔ ریسکیو 1122فیصل آباد کی جانب سے خصوصی ڈیوٹی کے لیے 17ایمبولینسز، 39موٹر بائیک ایمبولینسز، 8فائر اینڈ ریسکیو وہیکلز، 135ریسکیو اہلکار اور 42تربیت یافتہ ریسکیو والنٹیرز تعینات کیے گئے۔ ریسکیو اہلکار جلوسوں کے راستوں اور دیگر اہم مقامات پر موجود رہ کر کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر شہریوں کو بروقت اور موثر ایمرجنسی سروسز کی فراہمی ریسکیو 1122 کی اولین ترجیح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں