جڑانوالہ (نامہ نگار) جڑانوالہ میں پیرا فورس آئندہ ہفتے تک چارج سنبھال کر باقاعدہ کام شروع کر دے گی، تحصیل انتظامیہ نے بھی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، عوامی حلقوں نے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے پیرا فورس کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دے دیا،تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن تجاوزات سے پاک پنجاب کو عملی جامہ پہنانے کیلئے جڑانوالہ میں پیرا فورس کی تعیناتی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے میں پیرا فورس جڑانوالہ میں باقاعدہ چارج سنبھال لے گی جس سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے گا ذرائع کا کہنا ہے کہ پیرا فورس کو تجاوزات کے خاتمہ کیساتھ ساتھ مصنوعی مہنگائی اور سرکاری مقرر کردہ قیمتوں سے زائد ریٹ وصول کرنیوالے ذخیرہ اندوزوں اور دکانداروں کیخلاف کارروائی کی بھی اجازت دے دی گئی ہے جبکہ ملاوٹ کرنیوالے بھی پیرا فورس کے ریڈار پر ہونگے۔ تحصیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے مرتکب افراد خود بخود بازاروں میں قائم تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائیں بصورت دیگر پیرا فورس کی جانب سے نہ صرف بھاری جرمانوں بلکہ مقدمات کا بھی سامنا کرنا پڑے گا اور جیل کی ہوا بھی کھانا پڑے گی۔ بازاروں سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنا کر انکی اصل خوبصورتی کو ہر صورت بحال رکھا جائے گا تاکہ بازاروں میں شاپنگ کیلئے آنیوالے شہریوں کو سہولت فراہم ہو سکے۔ عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے جڑانوالہ میں تجاوزات کے خاتمہ کو یقینی بنانے کیلئے پیرا فورس کی تعیناتی کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پیرا فورس کی تعیناتی سے تجاوزات کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔




