جھال پل کیساتھ قائم چنگ چی رکشہ سٹینڈ حادثات کا باعث بننے لگا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جھال پُل کے ساتھ چنگ چی رکشوں کا غیر قانونی سٹینڈ ٹریفک مسائل کا باعث بن گیا، ٹریفک کی روانی میں مشکلات’ حادثات کا خدشہ’ CTO ناصر جاوید رانا غیر قانونی رکشہ سٹینڈ ختم کروائیں’ عوامی حلقوں کا پرزور مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق عبدالرشید غازی چوک سے جھال پُل کے شروع میں تیمور اڈہ کے باہر چنگ چی رکشوں کا غیر قانونی سٹینڈ قائم ہو چکا ہے۔ یہاں پر بڑی تعداد میں چنگ چی رکشے کھڑے رہنا معمول بن چکا ہے اور ٹریفک کی روانی میں مشکلات درپیش ہیں جبکہ حادثات کا خدشہ رہتا ہے۔ عوامی سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھال چوک پر غیر قانونی طور پر قائم کئے جانیوالے چنگ چی رکشوں کے سٹینڈ کو فوری ختم کیا جائے تاکہ ٹریفک مسائل حل ہوں اور لوگوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے، سی ٹی او فیصل آباد ناصر جاوید رانا خصوصی دلچسپی لیکر اس مسئلہ کو فوری طور پر حل کرنے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائیں، عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس چالانوں کی بھرمار پر توجہ مرکوز کرنے کی بجائے فیصل آباد میں ٹریفک مسائل کے حل پر توجہ دیں اور اس مسئلہ کے حل کیلئے تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ٹریفک قوانین کی پاسداری ہو سکے اور حادثات کے خدشات ختم ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں