جی سی یونیورسٹی کا 12واں کانووکیشن 4دسمبر کو ہو گا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کا 12واں کانووکیشن 4دسمبر کو منعقد ہو گا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد نے اپنے 12ویں سالانہ کانووکیشن کی تاریخ میں تبدیلی کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کانووکیشن اب 4دسمبر 2025کو جی سی یونیورسٹی نیو کیمپس میں منعقد ہوگا۔ قبل ازیں یہ تقریب 3دسمبر کے لیے مقرر تھی۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق کانووکیشن کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے اور بی ایس پروگرامز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے 335طلبا و طالبات کو گولڈ میڈل سے نوازیں گے، جبکہ 215پی ایچ ڈی اسکالرز کو ڈگریاں عطا کی جائیں گی۔اس سال کا کانووکیشن یونیورسٹی کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جس میں مختلف فیکلٹیز کے مجموعی طور پر 1 لاکھ 2ہزار طلبا و طالبات ڈگریاں حاصل کرنے کے اہل قرار پائے ہیں۔ فل ڈریس ریہرسل 3دسمبر 2025کو صبح 10بجے منعقد ہوگی، جس میں تمام میڈل اور ڈگری حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کی موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے۔سلور اور برونز میڈلز کے پوزیشن ہولڈرز طلبا میں میڈلز 3دسمبر کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رئوف اعظم تقسیم کریں گے۔ کانووکیشن کے روز 4 دسمبر کو بھی طلبا کا رپورٹنگ ٹائم صبح 10بجے مقرر کیا گیا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے تمام شرکاء کو ہدایت کی ہے کہ وہ ریہرسل اور کانووکیشن دونوں موقعوں پر اپنا اصل فیس ووچر اور شناختی کارڈ (CNIC) ساتھ لائیں، تاکہ کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔وائس چانسلر نے کہا کہ کانووکیشن کا انعقاد یونیورسٹی کے تعلیمی معیار، طلبا کی محنت اور ادارے کی ترقی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں فارغ التحصیل ہونے والے طلبا کی میزبانی جی سی یونیورسٹی کے لیے اعزاز کی بات ہے، جو ادارے کے بڑھتے ہوئے علمی و تحقیقی کردار کا ثبوت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں