حکومت ایس ایم ای سیکٹر کی حوصلہ افزائی کررہی ہے،فاروق یوسف شیخ

فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر)فیصل آبادایکسپو کا مقصد اس صنعتی، تجارتی اور کاروباری شہرکے پیداواری اور برآمدی پوٹینشل کو نمایاں کرنا اور برآمدات بڑھانے میں ایس ایم ای سیکٹر کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے نمائش کنندگان اور خاص طور پر سٹارٹس اپ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ۔یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے آج سمیڈا کے تعاون سے ایگزی بیشن۔ سٹال پلاننگ اینڈ مینجمنٹ بار ے ایک روزہ تربیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ ۔ ایکسپو کے کنونیئر زاہد محمود بٹ ، سٹرٹیجی کنسلٹنگ کے بانی اور منیجنگ ڈائریکٹر شہزاد اختر اور سمیڈا کی ڈسٹرکٹ آفیسر فاکیہ زبیر بھی موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر مقامی صنعتوں ، سٹارٹس اپ اور خواتین کی حوصلہ افزائی کیلئے کوشاں ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے24سے 26جولائی تک فیصل آباد ایکسپو لاہور ایکسپو سنٹر میں ہو رہی ہے۔ اس میں سٹال لگانے والوں کی تربیت کیلئے سمیڈا کے تعاون سے یہ سیشن منعقد کیاجار ہا ہے تاکہ وہ اس ایکسپو سے بھر پور فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایس ایم ای سیکٹر کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کر رہی ہے جبکہ ان کیلئے آسان شرائط پر قرضے بھی مہیا کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے نوجوان برآمدات کرنا چاہتے ہیں مگر انہیں متعلقہ دستاویزات کی تیاری کا علم ہی نہیں۔ انہوںنے کہا کہ اس سیمینار کے ذریعے انہیں غیر روایتی منڈیوں تک رسائی اور غیر روایتی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے بارے میں بھی بتایا جائے گا ۔ انہوں نے سمیڈا کی ڈسٹرکٹ انچارج فاکیہ زبیر سے کہا کہ وہ چھوٹے قرضے لینے والوں کو ہر ممکن سہولتیں مہیا کریں اور اس سلسلہ میں بینک آف پنجاب اور دیگر بینکوں کے ذریعے ایکسپو منعقد کریں تاکہ ایس ایم ایز کو بتایا جا سکے کہ بینک کون کون سے قرض بلا سود یا آسان شرائط پر مہیا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر شافع حسین سے اس بارے میں بات ہوئی تھی اور امید ہے کہ وہ بھی اس تجویز پر عملدرآمد کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور ایس ایم سٹارٹس اپ کیلئے ایکسپو میں خصوصی سٹال مختص کئے گئے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اس ایکسپو میں بھر پور شرکت کریں جبکہ ایکسپو کے کنونیئر اُن کو ہر ممکن سہولتیں مہیا کرنے کیلئے ہمہ وقت دستیاب ہیں۔ اس سے قبل سٹرٹیجی کنسلٹنگ کے شہزاد اختر نے ایکسپو میں کامیاب شرکت بارے آگاہ کیا جبکہ سمیڈا کی فاکیہ زبیر نے کہا کہ جن ایس ایم ایز نے قرضوں کیلئے درخواستیں دی تھیں مگر ان کو منظور نہیں کیا گیا وہ تحریری طور پر آگاہ کریں تاکہ اُن کے معاملات کو از سر نو دیکھا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں