حکومت بدامنی پھیلانے والوں سے نمٹنے کیلئے تیار ہے،عابد شیر علی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف مہنگائی کے جن کو قابو کرنے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں’ پیٹرولیم مصنوعات ہمیں درآمد کرنی پڑتی ہیں ‘حکومت مہنگی پیٹرولیم مصنوعات خرید کر عوام کو کم ریٹ پر مہیا کر رہی ہے’ موجودہ حکومت جلد مہنگائی پر قابو پائے گی’ ان خیالات کا اظہار سینیٹر چوہدری عابد شیرعلی نے چنیوٹ بازار کے صدر ملک شاہد رسول کے آفس میں تاجروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا’ سینیٹر چوہدری عابد شیرعلی نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے موٹرسائیکل’ چنگ چی اور چھوٹی گاڑیوں کیلئے خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا ہے’ شہری ریلیف پیکیج سے فائدہ اٹھائیں اور خود کو رجسٹرڈ کروا کر فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے کی رعایت حاصل کریں’ اس موقع پر انہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک پہلے ہی حالت جنگ میں ہے اور پی ٹی آئی سمیت کئی سیاسی جماعتیں ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں’ ان کی ان حرکتوں سے ملک میں مزید بحرانی کیفیت پیدا ہو گی اور عام آدمی متاثر ہوگا’ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان کا کوئی خوف نہیں ہے’ حکومت ان سے نمپٹنے کیلئے تیار ہے’ اس موقع پر چنیوٹ بازار کے صدر ملک شاہد رسول ‘ جنرل سیکرٹری میاں عمران’ سپریم انجمن تاجران کے صدر حاجی اسلم بھلی و دیگر تاجر رہنمائوں نے سینیٹر چوہدری عابد شیرعلی کی توجہ آٹھ بازاروں کے دکانداروں کو درپیش مسائل کی طرف دلائی اور کہا کہ بیوٹیفکیشن کے نام پر تاجروں کا کاروبار تباہ ہو چکا ہے’ کچہری بازار نوگوایریا بن چکا ہے’ کچہری بازار جو کبھی کاروباری حب تھا اب ٹک ٹاک سنٹر بن چکا ہے’ وہاں کے تاجروں کے پاس دکانوں کا کرایہ اور ملازموں کی تنخواہیں دینے کیلئے پیسے نہیں ہیں اور وہ ملازمین کو فارغ کر رہے ہیں جو نہایت افسوسناک ہے’اب امین پور بازار اور جھنگ بازار میں بیوٹیفکیشن ہو رہی ہے اور وہاں کے تاجر بھی سخت اذیت سے دوچار ہیں’ خدارا ہماری آواز کو وزیراعظم اور وزیراعلیٰ تک پہنچائیں اور ان سے کہیں کہ آٹھ بازاروں کے تاجروں کو بیوٹیفکیشن نہیں کاروبار چاہئے جس سے ان کے گھروں میں خوشحالی آئے’ یہ بیوٹیفکیشن ختم کر کے دکانداروں کو چین سے کام کرنے دیا جائے’ اس کے علاوہ پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے کاروبار بالکل ٹھپ ہو گیا ہے’ کسٹمر گاڑی اٹھائے جانے کے خوف سے آٹھ بازاروں کا رخ نہیں کرتا’ ہماری آپ سے اپیل ہے کہ جلد از جلد پارکنگ پلازے مکمل کئے جائیں تاکہ لوگ اپنی گاڑیوں کو مناسب جگہ پر پارک کر کے تسلی سے خریداری کر سکیں’ یاد رہے کہ سینیٹر چوہدری عابد شیرعلی گذشتہ دنوں فوت ہونے والے ملک شاہد رسول کے بڑے بھائی اور حافظ ابوبکر ملک شاہد رسول کے تایا جان ملک ریاض رسول’ ریل بازار کے تاجر رہنما ملک حماد ‘ ملک عثمان کی پھوپھو جان اور میڈیسن مارکیٹ کے لیگی تاجر رہنما عبدالوحید علوی کے بڑے بھائی محمد سعید علوی کی وفات پر اظہار افسوس کیلئے آئے تھے اس موقع پر سینیٹر چوہدری عابد شیرعلی ان تاجر رہنمائوں کی رہائش گاہوں پر گئے اور فوت شدگان کیلئے فاتحہ خونی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں