خانیوال(نامہ نگار)کراچی سے پشاور جانے والی 7 اپ تیز گام ایکسپریس کی پاور وین میں ملتان کینٹ سے روانگی کے بعد ریاض آباد اور خانیوال کے درمیان اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ ٹرین عملے نے فوری اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ پاور وین کو دیگر کوچز سے الگ کر دیا، جس کے بعد ریسکیو 1122 کو طلب کیا گیا۔ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔ مسافروں کی سہولت اور ریلوے ٹریک کی بحالی کے لیے ملتان سے ریلیف انجن روانہ کیا گیا، جبکہ آپریشن کے دوران ٹرین کے مختلف حصوں کو بحفاظت خانیوال اور ریاض آباد منتقل کر دیا گیا۔ریلوے حکام نے متبادل انتظامات کے ذریعے ٹرینوں کی آمدورفت کو بھی برقرار رکھا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔ریلوے حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔




