لاہور ( بیو رو چیف )پنجاب حکومت نے خصوصی افراد کے لیے اہم ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے نئی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کا مقصد معذور افراد کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور ان کی زندگی کو مزید آسان بنانا ہے۔پنجاب میں خصوصی افراد کے لیے معاون آلات کے حصول کا طریقہ کار مزید سہل بنا دیا گیا ہے جس کے تحت وہ ایک موبائل ایپ کے ذریعے آسانی سے درخواست دے سکتے ہیں۔خصوصی افراد کے لیے وہیل چیئر، سماعت کے آلات اور دیگر معاون سہولیات کے حصول کے لیے درخواست دینا بہت آسان بنا دیا گیا ہے، اس مقصد کے لیے متعارف کرائی گئی ایپ مریم کو بتائیں کے ذریعے صارفین چند سادہ مراحل میں اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد خصوصی افراد کو درپیش مشکلات کم کرنا اور انہیں ضروری سہولیات تک فوری رسائی فراہم کرنا ہے، تاہم شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایپ کے ذریعے جلد از جلد درخواست دیں تاکہ متعلقہ معاون آلات فراہم کیے جا سکیں۔




