درندہ صفت ملزمان نے زیادتی کرکے5سالہ بچی کو قتل کردیا

جڑانوالہ(نامہ نگار)سنگدل قاتلوں نے مبینہ زیادتی کے بعد گلہ دبا کر 5سالہ بچی کو قتل کرکے لاش فصل مکئی میں پھینک دی پولیس نے شک کی بنا پر 2 افراد کو حراست میں لیکر تفیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے،سی پی او نے ایس پی ٹائون سے رپورٹ طلب کر لی۔ تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ تھانہ روڈالہ روڈ کے نواحی گائوں چک نمبر 368 گ ب کے رہائشی عبدالرحمن کی 5 سالہ بچی فضیلت گھر سے باہر نکلی مگر واپس نہ آئی تلاش کرنے پر اسکی لاش فصل مکئی میں پڑی ہوئی تھی اطلاع پر ایس پی ٹائون اور ایس ایچ او تھانہ روڈالہ روڈ پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کرکے لاش کو تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں سنگدل قاتلوں نے مبینہ طور پر زیادتی کے بعد بچی کا گلہ دبا کر قتل کیا ہے اور اسکی لاش کو فصل مکئی میں پھینک دیا بچی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے ایس پی ٹائون سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہدایت جاری کی ہے کہ قتل میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے شک کی بنا پر احسان وغیرہ کو حراست میں لیکر تفیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے پولیس کا کہنا ہے کہ وقوعہ میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں