فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) معمولی جھگڑے پر دوست نے دوست کو چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا، ناخلف بیٹے کے ہاتھوں زخمی ہونے والی ماں ہسپتال میں چل بسی، بھائی کی حالت تشویشناک پولیس نے نعشیں قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کرکے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی، تفصیل کے مطابق جڑانوالہ کے علاقہ65گ ب مکھن پورہ کا رہائشی اسلم ولد سردار اور اس کا دوست ملزم نعیم چائے کے ہوٹل میں بیٹھے باتیں کر رہے تھے کہ کسی بات پر دونوں کے مابین تلخ کلامی ہو گئی تو ملزم نعیم نے چھریوں کے وار کر کے اسلم کو بری طرح زخمی کردیا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ رکشے میں زندگی کی بازی ہار گیا، جبکہ کھرڑیانوالہ کے علاقہ216ر۔ب میں بھائیوں حیدر اور عمران کا رقم کے لین دین اور موبائل فون پر جھگڑا ہو گیا، ان کی والدہ چندا کوثر نے چھڑانے کی کوشش کی تو ملزم حیدر نے فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے والدہ چندا کوثر اور بھائی عمران بری طرح زخمی ہو گئے، جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں پر چندا کوثر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، عمران کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔




