فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں ٹریفک قوانین کی پابندی نہ کرنے والوں کے دھڑا دھڑ چالان ہونے پر ہیلمٹ خریدنے والوں کا رش’ تاجر ہیلمٹ کی منہ مانگی قیمتیں وصول کرنے لگے۔ دوسری طرف ڈرائیونگ لائسنس بنانے والوں میں بے پناہ اضافہ کے باعث ٹریفک پولیس کا سسٹم جواب دے گیا’ تین ماہ سے لائسنس بنانے والوں کے ڈرائیونگ لائسنس نہ مل سکے’ شہری پریشان’ ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس نے چپ سادھ لی۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد میں ضلعی وٹریفک پولیس نے شہر بھر میں جگہ جگہ ناکے لگا کر ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹرسائیکل سواروں’ تیز رفتاری’ کم عمر ڈرائیوروں اور دیگر ٹریفک قوانین کی پابندی نہ کرنیوالوں کے چالانوں اور پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور چالانوں کی فیس میں بھی ہوشربا اضافہ ہونے پر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا’ جبکہ ہیلمٹ فروخت کرنے والے تاجروں نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کیلئے ہیلمٹ کی قیمتیں دوگنا’ تین گنا بڑھا دیں۔ 700 والا ہیلمٹ مارکیٹ میں 15سو میں فروخت ہونے لگا۔ ضلعی انتظامیہ نے چپ سادھ رکھی ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ ہیلمٹ فروخت کرنے والوں کیخلاف بھی کارروائی کرے تاکہ مہنگائی کے پُرفتن دور میں عوام کو کسی طرف سے تو ریلیف مل سکے۔ جبکہ دوسری طرف ٹریفک پولیس کی پکڑ دھکڑ سے بچنے کیلئے بالخصوص موٹرسائیکل چلانے والوں نے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کیلئے ٹریفک پولیس کے دفاتر کا رخ کر لیا۔ ڈرائیونگ لائسنس بنانے والوں کے رش کے باعث ٹریفک پولیس کا آن لائن سسٹم جواب دے گیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ تین ماہ سے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کو ابھی تک لائسنس نہ مل سکے۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ لائسنس بنانے والا پرنٹنگ پریس خراب ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔ جسے جلد درست کر لیا جائے گا۔ تاہم شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک چالانوں کی مد میں کروڑوں روپے جرمانہ وصول کرنے کے باوجود ٹریفک پولیس اپنے سسٹم کو بھی اپ گریڈ کرے۔




