نوشہرہ ورکاں (نامہ نگار) گوجرانوالہ کے علاقے تھانہ تتلے عالی کی حدود اڑتالی ورکاں میں دیرینہ عداوت نے خونی رخ اختیار کر لیا جہاں ملزم عمران شیرو نے معمولی تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں 28سالہ عثمان ورک، 28سالہ وقاص، 40سالہ عمران عاشق، 18سالہ عمر اور افضل شامل ہیں، علاوہ ازیں زخمی ہونے والے شخص کی شناخت گن مین سلمان کے طور پر ہوئی ہے جس کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق مرنے والوں میں عثمان ورک کا گن مین اور قریبی دوست بھی شامل ہیں ۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، ایس پی صدر سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور لاشوں و زخمی کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔بعدازاں تتلے عالی پولیس نے اطلاع ملتے ہی ملزم کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کر دی۔




