راحت کا حکومت سے نصرت فتح علی خان موسیقی سکولز بنانے کا مطالبہ

کراچی (شوبز نیوز) پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے حکومت سے نصرت فتح علی خان کے نام پر موسیقی سکولز، اکیڈمیز اور یونیورسٹی بنانے کا مطالبہ کردیا۔ایک انٹرویو میں راحت فتح علی خان نے کہا کہ ہم نے پاکستان بھر سے موسیقی کا ٹیلنٹ اکٹھا کیا، جو بچے آگے نہیں آ سکے، وہ بھی بہت باصلاحیت تھے، ان میں کوئی مہدی حسن کی غزل پیش کر رہا تھا تو کوئی کلاسیکی موسیقی سے سماعتوں میں رس گھول رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آئیڈل کے بچے ہماری موسیقی کا روشن مستقبل ہیں، ان میں گانے کا جذبہ ہے، ان کا ولولہ اور جنون دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے، مجھے یہ سب کچھ دیکھ کر بے حد خوشی ہوتی ہے۔راحت فتح علی خان نے کہا کہ یہ سب اچھا گانے والے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ موسیقی کے شعبے میں بہت کچھ اچھا ہونے والا ہے۔انہوں نے حکومت سے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ موسیقی کا روشن مستقبل ہونے کے باوجود بھی پاکستان میں سرکاری سطح پر موسیقی کی سرپرستی اس طریقے سے نہیں کی جاتی جیسے دوسرے ملکوں میں ہوتی ہے، موسیقی کی کوئی اکیڈمیز نہیں ہیں۔راحت فتح علی خان نے کہا کہ میں حکومت سے مطالبہ کروں گا کہ استاد نصرت فتح علی خان کے نام پر ملک بھر میں موسیقی کے اسکولز، اکیڈمیز اور یونیورسٹیز بنائی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں