فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) روڈ ٹو مکہ علامہ اقبال ائیرپورٹ لاہور کامیاب پروجیکٹ کے آغاز پر حکومت سعودی عرب کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ عازمین حج کیلئے ایک عظیم سہولت اور دونوں برادر ممالک کے مثالی تعلقات کا مظہر ہے۔ مرکزی علماء کونسل پاکستان خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کو اس کامیاب اقدام پر مبارک باد پیش کرتی ہے۔ روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ نے پاکستانی حجاج کی مشکلات کو کم کردیا ہے جس پر ہم سعودی وزارت حج اور پاکستانی وزارت کے مشکور ہیں۔چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی نے اپنی پریس ریلیز میں کہا ہے کہ روڈ ٹو مکہ اسلام آباد، کراچی، لاہور کی طرح اس سہولت کا دائرہ کار فیصل آباد تک بھی بڑھایا جائے۔ فیصل آباد جس کا قدیم نام لائل پور تھا۔ سعودی عرب کے ساتھ ایک تاریخی رشتہ ہے۔ پاک سعودی دوستی کی لازوال بنیادوں کی وجہ سے اس شہر کا نام شاہ فیصل مرحوم کے نام پر رکھا گیا۔ فیصل آباد کے گرد و نواح کی آبادی تقریبا ایک کروڑ کے قریب ہے۔ ہر سال ہزاروں کی تعداد میں لوگ حج کی سعادت حاصل کرنے جاتے ہیں۔ اس شہر کی عوام سعودی عرب سے خاص عقیدت رکھتی ہے جس طرح اسلام آباد، لاہور، کراچی کے حجاج کو اپنے ہی شہر میں ایمیگریشن کی سہولت مل رہی ہے۔مرکزی علماء کونسل پاکستان امید کرتی ہے کہ خادم الحرمین الشریفین اور سعودی حکام فیصل آباد کی اہمیت اور عوامی خواہشات اور ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے آئندہ برسوں میں یہاں بھی روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ شروع کریں گے۔




