فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زہریلا کھانا کھانے سے بیکری پر کام کرنے والے10 ملازمین کی حالت غیر ہو گئی، جنہیں فوری طور پر تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال پہنچا دیا گیا، جہاں ڈاکٹرز ان کی جانیں بچانے کیلئے کوشاں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقہ ملت چوک میں واقع آئیڈیل بیکری پر کام کرنے والے ملازمین نے آلو’ مٹر گاجر پکائے اور سب نے ملکر کھانا کھایا، جس کے بعد 18 سالہ قاسم علی ولد ظفر اقبال سکنہ 305 ج ب ٹوبہ ٹیک سنگھ’ 21سالہ علی حسن ولد عبدالغفور سکنہ مریدوالہ’ 18سالہ اویس ولد رحمت علی سکنہ ملت ٹائون’ 12سالہ محسن ولد رحمت علی سکنہ باوا چک’ 16سالہ محسن ولد رحمت علی سکنہ باوا چک’ 16سالہ خادم حسین ولد پرویز سکنہ ملت ٹائون’ 17 سالہ قمر ولد محمد شریف سکنہ 271 ج ب ٹوبہ ٹیک سنگھ’ 14سالہ محمد قاسم ولد اﷲ بخش سکنہ اٹھارہ ہزاری’ 18سالہ سمیع اﷲ ولد فخر سکنہ 415 گ ب’ 25سالہ ارسلان ولد عاشق سکنہ ملت ٹائون’ 22 سالہ اﷲ دتہ ولد حقنواز سکنہ فیصل آباد’ 23 سالہ علی ولد حبیب احمد سکنہ 20 رب اور 15 سالہ کاشف ولد عباس سکنہ شورکوٹ کی حالت غیر ہو گئی۔ بار بار قے اور دست آنے پر فوری طور پر الائیڈ ہسپتال لایا گیا جہاں پر ڈاکٹر ان کی جانیں بچانے کیلئے کوشاں ہیں۔ تاہم پولیس نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر بچا ہوا کھانا قبضہ میں لیکر ٹیسٹ کیلئے بھیج دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ممکن ہے کہ کھانا بناتے وقت کوئی زہریلی چیز کھانے میں آ گئی ہو، جسکی وجہ سے کھانا کھانے سے ان کی حالت غیر ہو گئی۔




