زیر حراست ملزمان سے لاکھوں روپے خوردبرد کرنیکا ایک اور سکینڈل سامنے آگیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زیرحراست ملزمان کے ذریعے لاکھوں روپے خردبرد کرنے کا فیصل آباد پولیس کا ایک اور سکینڈل منظرعام پر آ گیا، ایک ایس ایچ او گرفتار جبکہ دیگر کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شہر بھر میں گھروں میں اکیلے ہی وارداتیں کرنیوالے ریکارڈ یافتہ ملزم کو کچھ عرصہ قبل تھانہ مدینہ ٹائون پولیس نے پکڑا اور ایس ایچ او جس کا بعدازاں تبادلہ سی سی ڈی میں ہو گیا تھا اس نے دوران تفتیش ملزم سے تقریباً دو کروڑ کی ریکوری کی اور اس سے فارچیون گاڑی بھی حاصل کی۔ بعدازاں مذکورہ ایس ایچ او نے برآمدگی کے بعد معمولی ریکوری ڈال کر جیل بھجوایا اور اس طرح فیصل آباد کے کئی تھانوں کے ایس ایچ اوز نے ملزم افتخار عرف کھاری کو پکڑ کر برآمدگی کرتے رہے اور معمولی ریکوری ڈال کر جیل بھجواتے رہے جو کہ فیصل آباد پولیس کیلئے سونے کی کان بن گیا اور مذکورہ ملزم عدالت سے ضمانت کروا کر رہا ہوتا رہا۔ مدینہ ٹائون کے سابق ایس ایچ اوز جس کا تبادلہ ہو گیا تھا اس نے مذکورہ ملزم کو ایس ایچ او منصورآباد معظم گجر کے حوالے کر دیا اور معظم گجر نے بھی ایک کروڑ کی ریکوری کی رقم خردبرد کر لی۔ جس کے مقدمہ میں ایس ایچ اوز نے رقم خردبرد کی تھی اس نے مال کی برآمدگی کیلئے سی پی او صاحبزادہ بلال عمر کے پاس گیا لیکن اس کی دادرسی نہ ہوئی تو وہ کسی طرح آر پی او ذیشان اصغر کے پاس پہنچ کر تمام صورتحال سے آگاہ کیا تو آر پی او نے ایس پی مدینہ ٹائون کو انکوائری کرنے کا حکم دیا تو اسی دوران ایس ایچ او نے ایک مقدمہ بنا کر اور عدالتی بیلف کے ذریعے ملزم کو برآمد کروایا اور مدعی مقدمہ نذیر کو ملت ٹائون پولیس نے پکڑ کر تفتیش کی تو اس نے انکشاف کیا کہ وہ کسی مقدمہ میں مدعی نہ ہے۔ دوران انکوائری ایس پی مدینہ ٹائون نے قصوروار ثابت ہونے پر ایس ایچ او معظم گجر کو گرفتار کر کے اس کے خلاف تھانہ سرگودھا روڈ میں 155 کے تحت مقدمہ درج کروا دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں