سائلین کو انصاف کی فوری فراہمی ناگزیر ہے

لاہور (بیوروچیف) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے راولپنڈی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر سعید یوسف خان، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ساجد اعوان اور فیڈرل لاء آفیسرز کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بار اور بنچ کے مابین ہم آہنگی سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کے لیے ناگزیر ہے۔وکلاء سائلین کو بروقت انصاف دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وکلاء برادری آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے استحکام میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتی رہی ہے۔یہ امر باعث اطمینان ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد کردہ لاء آفیسرز اپنے شعبے میںاعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔گورنر پنجاب نے مزیدکہا کہ صوبے میں پاکستان پیپلز پارٹی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مقبول اور مضبوط ہو رہی ہے۔گورنر ہاؤس کے دروازے وکلاء برادری کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔وکلاء کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔اس موقع پر ملک ظہیر ارشد نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وکلاء کے حقوق کا تحفظ کیا ہے۔ملاقات میں فتح جنگ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدور، پیپلز پارٹی فتح جنگ کے جنرل سیکرٹری ملک قیصر خان، پیپلز پارٹی ضلع اٹک کے نومنتخب صدر سردار ظہیر خان کھٹڑ، سردار محمد علی خان اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام آفیسرز ایسوسی ایشن کے صدر عظمت خان کھٹڑ موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں