ساہیوال (بیورو چیف)یوسف چوک نیو فیصل آباد روڈ ساہیوال میں پولیس اور خطرناک اشتہاری ڈاکوئوں کے درمیان مقابلے میں ایک اشتہاری صدیق احمد پربانہ شدید زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ تفصیلا ت کے مطابق پولیس بہادر شاہ کے انسپکٹر کنور صمیم الرحمن سرکاری گاڑی نمبر 57-SLGمیں اپنی ٹیم کے ہمراہ ناکہ بندی پوائنٹ پر رات 12 بجے موجود تھے کہ اس دوران دو موٹر سائیکل سواروں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی سیدھی فائرنگ کردی۔ پولیس نے حفاظتی اوٹ لے کر جوابی فائرنگ کی۔ فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ رکنے کے بعد صدیق احمد ولد محمد فاضل پربانہ سکنہ چک 129/9-L کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جس کے قبضے سے بندوق بھی برآمد ہوئی۔پولیس کے مطابق ملزم صدیق احمد تھانہ بہادر شاہ کے مقدمہ نمبر 111/2023، قتل و ڈکیتی، دفعات 392 اور 302 تعزیرات پاکستان میں اشتہاری تھا۔ ملزم نے 6 مارچ 2023 کو ڈکیتی کی واردات کے دوران ایک جیل ملازم کو قتل کردیا تھا۔ دوسرا ملزم فرار ہوگیا۔پولیس بہادر شاہ نے کنور صمیم الرحمن انسپکٹر کی مدعیت میں دفعات 186، 353، 324 تعزیرات پاکستان اور 13-A اسلحہ آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج کرکے فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم روانہ کردی۔




