ساہیوال (بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا ہے کہ مصنوعی مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور مقررہ نرخوں سے زائد قیمتوں پر اشیائے خوردونوش کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی جس کے لیے تمام سپیشل پرائس مجسٹریٹس کی ذمہ داری ہے کہ وہ مارکیٹوں میں مؤثر نگرانی، پرائس کنٹرول میکنزم پر سختی سے عملدرآمد اور گرانفروشی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کو یقینی بنائیں۔وہ یہاں منٹگمری ہال میں ضلع بھر کے سپیشل پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے مجسٹریٹس کی کارکردگی، مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر سمیع اللہ فاروق نے سپیشل پرائس مجسٹریٹس کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کے معائنوں کا سلسلہ مزید مؤثر بنایا جائے اور سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ گذشتہ تین دن کے دوران ضلع بھر میں 6ہزار 3 سو 88 انسپکشنز کی گئیں جس دوران 44 ہزار 5سو روپے جرمانہ،5 دکانیں سیل،3 ایف آئی آر جبکہ 3 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کا مقصد صرف جرمانے کرنا نہیں بلکہ مارکیٹ میں قیمتوں کا استحکام اور شہریوں کو مناسب نرخوں پر معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ دکانداروں سے سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں و دستیابی کی بھی مسلسل نگرانی کریں۔




