فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ سرگودھا روڈ پولیس کی حراست سے چند روز قبل فرارہونے والے امانت میں خیانت کے ملزم کی نعش گجرات کے ہسپتال سے برآمد’ لواحقین نے نعش وصول کر کے احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف’ آئی جی پنجاب اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کر کے موت کی وجوہات سامنے لائی جائیں۔ متوفی کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ملزم نصیر احمد سکنہ مدینہ ٹائون کیخلاف تھانہ سرگودھا روڈ میں امانت میں خیانت کی دفعات زیردفعہ 406 ت پ کا مقدمہ درج تھا اس کے علاوہ اس کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں تھا۔ متوفی کے لواحقین کا کہنا ہے کہ تھانہ سرگودھا روڈ کی حراست سے فرار اور گجرات پہنچنے پر کئی سوال اٹھا دیئے اور ان کو بروقت موت کا بھی نہیں بتایا گیا اور ان کو یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ اسکی موت طبعی تھی یا مبینہ طور پر قتل کیا گیا۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ متوفی کی موت کی تحقیقات کا پتہ لگایا جائے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نصیر احمد سی سی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلہ میں مارا گیا۔




