سرگودھا ڈویژن میں16پولٹری شیڈز اور1بھٹہ کی منظوری

سرگودھا ( بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت ڈویژنل انوائرنمنٹل اپروول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پولٹری شیڈز کی تعمیر کے 20 منصوبوں کے لیے ماحولیاتی منظوریوں اور این او سیز کے اجراء کے کیسز پیش کیے گئے، جبکہ بھٹہ خشت کے ایک کیس کو بھی منظوری کے لیے پیش کیا گیا۔ کمیٹی نے متعلقہ قواعد و ضوابط اور ماحولیاتی تقاضوں کا جائزہ لینے کے بعد پولٹری شیڈز کے 16 کیسز اور بھٹہ خشت کے ایک کیس سمیت مجموعی طور پر 17 کیسز کی منظوری دے دی۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (EPA) اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ای پی اے نے شرکت کی۔اس موقع پر کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ ماحولیاتی منظوریوں کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور مقررہ قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری فارمنگ اور دیگر کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے قانونی تقاضوں کے مطابق سہولیات کی فراہمی ضروری ہے، تاہم معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ماحولیاتی تحفظ، صفائی ستھرائی اور صحتِ عامہ کے اصولوں کو بھی ہر صورت ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ماحولیاتی منظوریوں کے لیے پیش کیے جانے والے کیسز کا بروقت اور شفاف انداز میں جائزہ لے کر مقررہ طریقہ کار کے مطابق کارروائی مکمل کی جائے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ کاروباری و صنعتی سرگرمیوں کو قانونی تقاضوں کے مطابق سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات بھی یقینی بنائے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں