سعید اجمل کا عاقب جاوید کو بھی عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ

لاہور (سپورٹس نیوز) سابق قومی اسپنر سعید اجمل نے پاکستان کرکٹ ٹیم میں حالیہ انتظامی اور سلیکشن تبدیلیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اور سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید کو بھی عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔اپنے ویڈیو پیغام میں سعید اجمل نے کہا کہ سیریز کے دوران ٹیم، کوچنگ اسٹاف اور سلیکشن کمیٹی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں سمجھ سے بالاتر ہیں، ان کا کہنا تھا کہ دنیا پاکستان کا مذاق اڑا رہی ہے کہ میچ ختم ہوتے ہی کھلاڑیوں کو واپس بھیج دیا جاتا ہے، یہ ایک غیر سنجیدہ طریقہ کار ہے۔سعید اجمل کے مطابق اس نوعیت کے فیصلے سیریز یا ٹور مکمل ہونے کے بعد کیے جانے چاہئیں، دورانِ سیریز اتنی بڑی تبدیلیاں ٹیم کی کارکردگی کو متاثر کرسکتی ہیں۔سابق اسپنر نے کہا کہ اگر امام الحق سے کوئی غلطی ثابت ہوئی ہے تو انہیں سخت سزا دی جانی چاہیے تاکہ دوسرے کھلاڑیوں کے لیے مثال قائم ہو۔عاقب جاوید کے حوالے سے سعید اجمل نے کہا کہ انہیں بھی عہدے سے ہٹایا جانا چاہیے۔ انہوں نے پی سی بی کے فیصلوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد کو کوچنگ سے ہٹا دیا گیا لیکن مائیک ہیسن کو مکمل حمایت دی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں