سمندروں کو تنازعات نہ بنایا جائے’ فہد الغفیلی

منامہ(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب کے ڈپٹی چیف آف سٹاف وائس ایڈمرل فہد الغفیلی نے سٹریٹجک آبی گزر گاہوں کے تحفظ کے لیے مضبوط بین الاقوامی تعاون پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آبی گزرگاہوں کو سیاسی یا فوجی دبائو کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔ عرب ٹی وی کے مطابق انہوں نے بحرین میں منامہ ڈائیلاگ فورم سے خطاب کرتے ہوئے سمندری خطرات سے نمٹنے کے لیے موثر اجتماعی ردعمل کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ آبی گزرگاہوں کا تحفظ ایک مشترکہ بین الاقوامی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ میری ٹائم سکیورٹی کسی ایک ملک کی ذمہ داری نہیں ہے۔ طاقت، قانون کا متبادل نہیں ہوسکتی۔ بین الاقوامی آبی گزر گاہوں کو سیاسی اور فوجی دبائو کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔ سمندروں کو تنازعات کا میدان نہیں بلکہ کمیونی کیشن اور خوشحالی کا ذریعہ بننا چاہیے ۔ انہوں نے زور دیا کہ آبی گزر گاہوں کو لاحق خطرات دنیا بھر کے ممالک کو متاثر کرتے ہیں اور یہ ایک بین الاقوامی چیلنج بن چکے ہیں۔منامہ ڈائیلاگ کے ایک سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سعودی نائب وزیر خارجہ انجینیر ولید الخریجی نے علاقائی تنازعات، بڑھتے ہوئے انسانی مصائب، بحری سکیورٹی، توانائی کی فراہمی اور بین الاقوامی معیشت پر بڑھتے ہوئے اثرات کے درمیان بحرانوں پر قابو پانے، سکیورٹی اور استحکام کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں