فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ سمن آباد اور بٹالہ کالونی کے علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں میں ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر 3ریکارڈ یافتہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے زخمی ڈاکو کو ہسپتال منتقل کر کے ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تفصیل کے مطابق تھانہ سمن آباد کے ایس ایچ او انسپکٹر طالش عباس اپنے عملہ کے ہمراہ دوران گشت ایڈن ولاز کے قریب موٹرسائیکل سوار چار مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائر بھی کئے، تاہم فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام حمید علی ولد مختار سکنہ ڈی ٹائپ کالونی بتایا جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو 11مقدمات میں مطلوب تھا اور اس کے قبضہ سے چھینی جانے والی موٹرسائیکل’ نقدی اور اسلحہ برآمد کر کے اس کے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی۔ جبکہ دوسرا مبینہ مقابلہ بٹالہ کالونی کے علاقہ بوہڑ چوک کے قریب ہوا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مرزا صدام رفیق نے کال کی کہ ستیانہ روڈ ہلال روڈ پر نامعلوم ڈاکو نقدی’ فون چھین کر گندے کھوہ کی طرف فرار ہوئے ہیں، اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ بٹالہ کالونی ظہیر اختر نفری کے ہمراہ ہلال روڈ پر پہنچے تو موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور ملزمان کے ساتھ بوہڑ چوک میں آمنا سامنا ہو گیا، فائرنگ رُکنے پر سرچ آپریشن کیا تو دو افراد زخمی حالت میں پڑے تھے جن کو قابو کیا تو ان کی شناخت باسط علی ولد محمد رفیق سکنہ 239 رب خانوآنہ اور نور محمد ولد نواز سکنہ 239 رب خانوآنہ کے ناموں سے ہوئی جو کہ ریکارڈ یافتہ نکلے، نور 36مقدمات اور باسط 11 مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ان کے قبضہ سے چھینی جانے والی نقدی اور فون بھی برآمد ہوا۔ تاہم ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ پولیس فرار ہونے والوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہی ہے۔




