فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماںبٹ، صدر پبلک ایڈکمیٹی میاںانوارالحق ایڈووکیٹ نے حکو مت کی طرف سے ایک بار پھر سوئی گیس کی قیمتوںاور فسکڈچارجزمیں15سوروپے تک اضافہ کرنے پرشدیدتنقیدکرتے ہوئے اسے مہنگائی کے مارے عوام پر ڈرون حملہ قراردیتے ہوئے اسے فوری واپس لینے کامطالبہ کیاہے۔انہوںنے کہاکہ حکومت ایک طرف عوام کو معمولی ریلیف فراہم کرتی ہے تو دوسری جانب کسی اور چیز کی قیمت میں اضافہ کر کے کسر پوری کر دی جاتی ہے۔ حکمرانوں نے بجلی اور گیس کے بلوں کو عوام کیلئے موت کے پھندے بنا دیا ہے۔ قوم اب بھی نہ بیدار ہوئی تو آئی ایم ایف کے غلام در غلام حکمران عوام کو بھکاری بنادیں گے ۔حکمران اگر عوام کو ریلیف نہیں دے سکتے تو تکلیف بھی نہ دیں ۔ عوام کو تکلیف پہنچانے والے عوامی غیظ وغضب سے بچ نہیں سکیں گے۔انہوںنے کہاکہ حکمرانوں کی طرف سے25کروڑ عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ بجلی ،گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث پیداواری لاگت بڑھنے سے فیصل آباد کی ایک سو سے زائد چھوٹی بڑی فیکٹریاں بند ہو گئیں جس سے لاکھوں مزدور بیروزگار ہو چکے ہیں۔




