جڑانوالہ (نامہ نگار) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی صومیہ جمیل نے غیر قانونی طبی سرگرمیوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 8نمبر چونگی پر واقع سونیا پولی کلینک اینڈ زچہ بچہ سینٹر کو سیل کر دیا۔ کارروائی کے دوران مبینہ اتائی لیڈی ڈاکٹر نسیم کے زیر انتظام چلنے والے مرکز کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر بند کر دیا گیا۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر صومیہ جمیل جڑانوالہ کی نگرانی میں ہونے والی کارروائی کے دوران متعلقہ ریکارڈ بھی تحویل میں لے لیا گیا، جبکہ ذمہ داران کے خلاف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواست تھانہ سٹی جڑانوالہ میں جمع کرا دی گئی ہے۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جڑانوالہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے اتائی عناصر کے خلاف کریک ڈان جاری ہے اور ایسے غیر قانونی دھندے میں ملوث افراد کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی فرد کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور عوام کو محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔شہریوں اور سماجی حلقوں نے محکمہ صحت کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اتائیت کے خاتمے کے لیے مستقل بنیادوں پر چیکنگ کا عمل جاری رکھا جائے تاکہ عوام کی جانوں کو لاحق خطرات کا سدباب کیا جا سکے۔




