مظفر گڑھ (سپورٹس نیوز )مظفرگڑھ میں جاری گیارہویں تھل جیپ ریلی کے سٹاک کیٹیگری کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے۔ مقابلوں کے دوران ایک خاتون سمیت تین جیپ ریسرز کی گاڑیاں حادثات کا شکار ہوئیں، تاہم ریسرز معمولی زخمی ہوئے۔مقابلوں کے دوران جیپ ریسر ازمیر سرانجام کی گاڑی میں آگ لگ گئی، تاہم وہ محفوظ رہے۔ جیپ ریسر زبیر حیات کی گاڑی تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، جبکہ کراچی سے تعلق رکھنے والی خاتون ریسر عنبرین فراز کی گاڑی بھی حادثے کا شکار ہوگئی۔سٹاک اے کیٹیگری میں آصف امام نے 200کلومیٹر کا ٹریک 2گھنٹے 35منٹ میں مکمل کیا۔ سٹاک بی میں رب نواز جوئیہ نے 2گھنٹے 26منٹ جبکہ سٹاک سی میں حسان جھنڈیر نے 2گھنٹے 36منٹ میں ٹریک مکمل کیا۔ حتمی نتائج کا اعلان آخری روز تقریب تقسیم انعامات میں کیا جائے گا۔دوسری جانب تھل جیپ ریلی دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد چھانگا مانگا ٹیلہ پہنچی، جہاں انتظامیہ نے تفریح کے لیے روایتی کھیل بیل دوڑ کا بھی اہتمام کیا۔ریلی کے آخری مرحلے میں پری پیئرڈ کیٹیگری کے مقابلے ہوں گے۔




