ویانا (مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان کی معزز جج جسٹس عائشہ اے ملک کو آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں منعقدہ 7 ویں بین الاقوامی ویمن اِن لا کانفرنس کے موقع پر قانون، انصاف، مساوات اور انسانی حقوق کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں جسٹیشیا ایوارڈ 2026 سے نوازا گیا۔اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق انسانی حقوق اور قانونی شعبے میں خواتین کی شمولیت کے لیے خدمات کو سراہا گیا ہے۔ جسٹس عائشہ ملک نے ویمن اِن لا کانفرنس 2026 میں شرکت کی۔ ویمن اِن لا انیشی ایٹو کی جانب سے دیے جانے والے جسٹیشیا ایوارڈز دنیا بھر میں قانون کے شعبے سے وابستہ ایسی خواتین کی خدمات کو سراہتے ہیں جنہوں نے قانون، انصاف، مساوات اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہو۔ جسٹس عائشہ اے ملک کو اس اعزاز کے لیے عالمی سطح کی ممتاز شخصیات کے ساتھ شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔ویانا میں منعقدہ کانفرنس کے دوران جسٹس عائشہ اے ملک نے یونیورسٹی آف ویانا کی فیکلٹی آف لا میں Roadmap to Equality and Womens Rights in Practice کے موضوع پر بھی خطاب کیا، جس میں خواتین کے حقوق اور مساوات کو عملی طور پر یقینی بنانے کے حوالے سے اظہارِ خیال کیا گیا۔علاوہ ازیں جسٹس عائشہ ملک کا کہنا ہے کہ مساوات صرف قانونی ضمانتوں تک محدود نہیں ہونی چاہیے۔ خواتین کو عملی زندگی کے زمینی حقائق کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی اصولوں اور اداروں کو خواتین کے حقیقی تجربات کا ادراک کرنا چاہیے۔




