لاہور (بیوروچیف) سیف سٹیز اتھارٹی نے اوورہیڈ برجز پر ایمرجنسی پینک بٹنز اور کیمروں کی تنصیب کا آغاز کر دیا۔ترجمان سیف سٹیز کے مطابق پہلے مرحلے میں کالج فار ویمن یونیورسٹی اور کنیئرڈ کالج کے اوورہیڈ برجز پر ایمرجنسی پینک بٹنز نصب کیے گئے ہیں، جبکہ دوسرے مرحلے میں دیگر اہم اوورہیڈ برجز پر بھی پینک بٹنز اور کیمروں کی تنصیب کی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق اوورہیڈ برجز پر طالبات اور خواتین کسی بھی ہراسانی یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں پینک بٹن دبا سکیں گی۔ ایمرجنسی پینک بٹن دبانے پر خاتون کا براہِ راست سیف سٹی کنٹرول روم سے رابطہ قائم ہو سکے گا۔سیف سٹی کنٹرول روم سے صورتحال کا فوری جائزہ لے کر متعلقہ پولیس کو مدد کے لیے روانہ کیا جا سکے گا۔ پینک بٹنز اور کیمروں کی تنصیب سے اوورہیڈ برجز کی لائیو مانیٹرنگ اور مثر نگرانی بھی ممکن ہوگی۔ترجمان سیف سٹیز کے مطابق دیگر اوورہیڈ برجز کو بھی مرحلہ وار سیف سٹی سسٹم سے منسلک کیا جائے گا۔




