سیلابی پانی میں کمی اور حالات معمول پر آ رہے ہیں

ٹوبہ ٹیک سنگھ(نامہ نگار)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے کمالیہ کے ریلیف کیمپ 736 گ ب کا دورہ کیا اور وہاں متاثرین کے لیے کیے گئے انتظامات اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے لائیو اسٹاک کیمپ میں مویشیوں کے علاج کے انتظامات اور زراعت کیمپ میں کسانوں کو دی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کلینک آن ویلز پر مریضوں سے ملاقات کی اور علاج معالجہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے متاثرین کے ساتھ وقت گزارا اور ان سے مختلف شعبہ ہائے زندگی کے حوالے سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی پانی میں کمی آرہی ہے اور حالات بتدریج معمول پر آ رہے ہیں، بہت جلد متاثرین اپنے گھروں کو واپس جا سکیں گے۔متاثرین نے بھی حکومت اور انتظامیہ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف کیمپوں میں انہیں گھر جیسا ماحول ملا ہے۔ کھانے پینے، بچوں کی تعلیم اور کھیل کے انتظامات کے ساتھ ساتھ خواتین اور بزرگوں کے لیے بھی الگ سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ متاثرین نے کہا کہ مشکل وقت میں حکومت نے ان کا ساتھ دیا، جس پر وہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر کے شکر گزار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں