ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے تحصیل کمالیہ اور پیر محل کا دورہ کیا اور متاثرہ علاقوں میں قائم ریلیف کیمپوں، فیلڈ ہسپتال اور شگاف والے مقام کا تفصیلی معائنہ کیا۔خواجہ عمران نذیر کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو، ڈی پی او عبادت نثار اور اے ڈی سی ریونیو سید جمیل حیدر شاہ بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے پیر کرم شاہ اور مائی صفوراں کے ریلیف کیمپوں میں مقیم متاثرین سے ملاقات کی انہوں نے فیلڈ ہسپتال میں علاج معالجے کے انتظامات اور ادویات کے سٹاک کا بھی معائنہ کیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے صوبائی وزیر کو سیلاب متاثرین کو دی جانے والی سہولیات اور ریلیف سرگرمیوں بارے بریفنگ دی۔ اس موقع پر خواجہ عمران نذیر نے ریلیف کیمپوں میں مقیم بچوں میں کھلونے، دودھ اور فروٹ تقسیم کیے اور متاثرہ خاندانوں سے سہولیات کے بارے دریافت کیا۔




