کوہاٹ (نامہ نگار)کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے دور افتادہ علاقے شکردرہ میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ نے ایک ننھی بچی کی جان لے لی جبکہ دوسری بچی زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق پولیس سٹیشن شکردرہ کی حدود میں واقع نندرکہ سپینکئی کلی میں شادی کی تقریب کے دوران مبینہ طور پر شدیدہوائی فائرنگ کی گئی۔ اس دوران دو بچیاں شدید زخمی ہو گئیںجنہیں فوری طور پر شکردرہ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ہسپتال میں آٹھ سالہ بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی جبکہ چار سالہ کمسن بچی کو تشویشناک حالت کے باعث ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوہاٹ منتقل کر دیا گیا ۔ذرائع کے مطابق زخمی بچی مہمان تھی اور اپنے والدین کے ہمراہ پنجاب سے شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئی تھی۔اس طرح شادی کا گھر ماتم کدہ بن گیا۔




